×

کینیڈا کے وزیراعظم نے بھارتی کسانوں کے احتجاج کےحق میں بیان دے دیا، تعلقات کشید ہوگئے بھارتی وزارت داخلہ نے کینیڈین ہائی کمشنر کے حوالے سے کیا ایکشن لے لیا؟ – .

نئی دہلی (این این آئی)کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے بھارتی کسانوں کے حق میں بیان کے بعد کینیڈا اور بھارت کے سفارتی تعلقات میں کشیدگی بڑھ گئی بھارتی وزارت داخلہ نے اس معاملے پر جمعہ کو کینیڈین ہائی کمشنر کو طلب کرکے جسٹن ٹروڈو کے بیان پر احتجاج کیا۔

بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق

کسانوں کے احتجاج پر کینیڈین وزیراعظم اور پارلیمنٹ کے دیگر ارکان کا بیان ملک کے داخلی امور میں ناقابل قبول مداخلت ہے۔

بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق اگر اس طرح کے اقدامات جاری رہے تو اس سے دو طرفہ تعلقات میں سنگین نوعیت کے اثرات مرتب ہوں گے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل کینیڈین وزیراعظم نے ایک بیان میں بھارتی کسانوں کے احتجاج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کینیڈا بھارتی کسانوں کے پرامن احتجاج کے دفاع میں ہمیشہ ان کے ساتھ ہوگا۔

انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ کینیڈا کسانوں کے معاملے پر بھارتی حکومت سے رابطے میں ہے۔کسانوں کی حمایت پر کینڈین وزیراعظم کا یہ بیان بھارتی حکومت کو بالکل پسند نہیں آیا تھا اور فوری طور پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے کم علمی اور غیر ضروری قرار دے دیا تھا۔

بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق بہتر یہی ہے کہ سفارتی بات چیت کو سیاسی ضرورت کے لیے توڑ مروڑ کر نہ پیش کیا جائے۔بھارت میں نئے زرعی قوانین کیخلاف گذشتہ 19 روز سے ریاست پنجاب، ہریانہ، دلی، راجستھان اور اترپردیش کے کسانوں کا احتجاج جمعہ کو بھی جاری رہا کسان لیڈروں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے تمام مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو وہ دلی کے اہم ہائی ویز جام کرکے آمد ورفت پوری طرح سے بند کردیں گے۔

۔۔۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں